چین کی پاکستان کو 40 ففتھ جنریشن جے 35 اسٹیلتھ طیارے، ایچ کیو9 ڈیفنس سسٹم کی پیشکش

چین کی جانب سے پاکستان کو 40 ففتھ جنریشن جے 35 اسٹیلتھ طیارے،کے جے 500اواکس اور ایچ کیو9 لانگ رینج اینٹی بلاسٹک ڈیفنس سسٹم کی پیشکش کی گئی ہے۔ حکومت پاکستان کے آفیشل اکاؤنٹ سےوزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان کی جانب سے حاصل کی گئی کئی عظیم سفارتی کامیابیوں کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں ۔ حکومت پاکستان کے مطابق امریکا نے بھارت کے خلاف پاکستان کے موقف کی کھل کر حمایت اور تجارتی مذاکرات کی تصدیق کی۔ ورلڈ بینک کی 40 بلین ڈالر ترقیاتی فنانسنگ، روس کے ساتھ کراچی میں اسٹیل مل کے قیام کا 2.6 بلین ڈالر معاہدہ بھی ہوا ہے۔ اس کے علاوہ چین کی بین الاقوامی تنظیم برائے ثالثی میں شمولیت، 2024 میں 2.5 بلین ڈالر سے زائد براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی آمدنی، اور اقوام متحدہ میں سلامتی کونسل کا وائس چیرمین برائے انسداد دہشت گردی منتخب ہونا شامل ہیں۔ حکومت پاکستان کے مطابق چین کی جانب سے 40 ففتھ جنریشن J-35 اسٹیلتھ طیارے، KJ-500 اواکس اور HQ-19 ڈیفنس سسٹم کی پیشکش کی گئی ہے۔ چین سے 3.7 ارب ڈالر قرض کی مؤخر ادائیگی بھی شامل ہے جبکہ ہواوے کے تعاون سے 100000 پاکستانیوں کو AI اور IT میں تربیت دی جائے گی۔ آذربائیجان نے 40 پاکستانی JF-17 طیاروں کی خریداری کے لیے 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری اور 4.6 ارب ڈالر کے دفاعی معاہدوں پر دستخط کیے جبکہ پاکستان ایران تجارت کے 3 سے 10 بلین ڈالر تک بڑھنے کا امکان ہے۔ یہ کامیابیاں پاکستان کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی اقتصادی اور سفارتی حیثیت کی عکاسی کرتی ہیں۔