ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے سانحہ عباس ٹاؤن کے ملزمان کی گرفتاری کے لئے سندھ بھر میں پر امن احتجاجی تحریک کا اعلان کردیا، رضا ہارون کہتے ہیں حکومت نے کراچی کے شہریوں کو لاوارث چھوڑ دیا، نت نئے ڈرامے کئے جارہے ہیں
ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کےاجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رضا ہارون کا کہنا تھا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔ سانحہ عباس ٹاؤن سمیت شہر میں ایک ماہ میں دو بڑے واقعات پیش آئے لیکن کسی کے بھی ملزم گرفتارنہیں ہوسکے۔ انہوں نےبتایا کہ رابطہ کمیٹی نے سانحہ عباس ٹاؤن کے ملزام کی گرفتاری کے لئے پرامن احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے جو فوری طور پر شروع کی جارہی ہے۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز اور تاجروں سے کاروبار بند رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے شہریوں سے پرامن طور احتجاج میں بھر پور شرکت کی اپیل بھی کی۔ رضا ہارون کا کہنا تھا کہ حکومت اور دیگر ادارے ملزمان کے خلاف کارروائی کرنا ہی نہیں چاہتے،سانحہ عباس ٹاؤن میں پچاس افراد جاں بحق جبکہ ڈیڑھ سو زخمی ہوئے لیکن حکومت قیام امن کے لئے اقدامات کے بجائے لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونک رہی ہے۔کراچی میں افواہوں کے ذریعے خوف وہراس پھیلا جارہا ہے اور شہری اپنے گھروں میں بھی محفوظ نہیں۔ انہوں نے سانحہ پر خاموشی اختیار کرنے والی سیاسی جماعتوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔دوسری جانب قومی تاجر اتحاد نے بھی ایم کیو ایم کی احتجاجی تحریک کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔