افغانستان دہشتگردوں کے خلاف کارروائی اور واقعے کی تحقیقات کرکے پاکستان کو آگاہ کرے۔ پاکستان
مہمند ایجنسی میں سرحد پار سے چیک پوسٹوں پر دہشتگرد حملے کے بعد دفتر خارجہ نے افغان ڈپٹی ہیڈ مشن عبدالناصر یوسفی کو طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا، ذرائع کے مطابق ڈی جی افغانستان منصور احمد خان نے پاکستان کی جانب سے احتجاجی مراسلہ افغان نائب سفیر کے حوالے کیا، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان میں دہشتگردوں کے حملے کیلئے استعمال ہورہی ہے افغانستان دہشتگردوں کے خلاف کارروائی اور واقعے کی تحقیقات کرکے پاکستان کو آگاہ کرے۔ مراسلے میں یہ بھی باور کرایا گیا کہ پاک افغان سرحد اسی لیے بند کی تھی تاکہ دہشتگرد سرحد کے اس پار نہ آ سکیں، افغانستان کو چاہیے کہ وہ اپنی سرحد پر سیکیورٹی کا نظام مضبوط کرے۔