پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز دوبارہ ہونے کےقریب

کراچی: ٹھوکریں کھا کر سنبھلنے کی کوششیں شروع ہوگئیں جب کہ پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز میں بائیو سیکیور ببل بنانے کیلیے غیرملکی کمپنی کی خدمات لی جائیں گی۔کئی کورونا کیسز کی وجہ سے پی ایس ایل6 کو 14میچز کے بعد ہی روک دیا گیا تھا، اس سے دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی ہوئی اور کوویڈ پروٹوکولزپر بھی شدید اعتراضات سامنے آئے، فرائض سے کوتاہی برتنے پر پی سی بی کڑی تنقید کی زد میں ہے۔
گذشتہ روز کراچی میں اعلیٰ حکام کا اہم اجلاس ساڑھے تین گھنٹے تک جاری رہا جس کی صدارت سی ای او وسیم خان نے کی، اس میں التوا کے ذمہ داران کا تعین کرنے پر کوئی بات نہیں ہوئی، فی الحال بورڈ بقیہ میچز کا جلد از جلد انعقاد چاہتا ہے۔