عمران خان کی دہشت گردی کے 2 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواستوں پر اعتراض عائد

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی دہشت گردی کے 2 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواستوں پر اعتراض عائد کردیا گیا۔ رجسٹرار آفس نے عمران خان کی درخواستیں اعتراض لگا کر واپس کر دیں۔ رجسٹرار آفس کے مطابق اسلام آباد کے دو مقدمات میں دیگر ملزمان کی حفاظتی ضمانت حاصل کرنے کے فیصلے کی کاپی نہیں لگائی گئی۔ میاں اسلم اقبال اور فرخ حبیب نے حفاظتی ضمانت کروائی تھی، دونوں ملزمان کی حفاظتی ضمانت کے فیصلے کی کاپی عمران خان کے کیسز کے ساتھ لگائی جائے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں درج 2 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کے لئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ سابق وزیراعظم عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ اور جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے بعد توڑ پھوڑ کرنے پر تھانہ رمنا میں 2 علیحدہ علیحدہ مقدمات درج ہیں۔ اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں درج 2 علیحدہ علیحدہ مقدمات میں سابق وزیر اعظم عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے 21 رہنماؤں کو نامزد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ان مقدمات میں پی ٹی آئی کے 250 کارکنان کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمات میں دہشت گردی، کار سرکار میں مداخلت اور سرکاری اہلکاروں سے مزاحمت کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔