کراچی کے علاقے لیاری میں جرائم پیشہ افراد کو ہتھیار ڈالنے کے لئے دی گئی ڈیڈ لائن آج شام چھ بجے ختم ہورہی ہے۔ داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کی چوکیاں قائم کردی گئی ہیں۔
ایک ہفتے سے زائد جاری رہنے والے آپریشن کے جمعہ کی شام خاتمے کے بعد لیاری میں معمولات زندگی ابھی بحال ہوئے ہی تھے کہ ایک بار پھر شکوک و شبہات سے سر اٹھا لیا ہے۔کراچی پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ افراد کو دی گئی اڑتالیس گھنٹے کی ڈیڈ لائن آج شام چھ بجے ختم ہورہی ہے جبکہ لیاری کے داخلی اور خارجی راستوں پررینجرز کی چوکیاں بھی قائم کردی گئی ہیں۔ادھر آئی جی سندھ سید مشتاق شاہ کی جانب سے پولیس اور رینجرز کے مشترکہ آپریشن کے عندیئےنے بھی علاقہ مکینوں کو ایک بار پھر خوف میں مبتلا کردیا ہے۔ آئی جی کا کہنا ہے کہ اگر جرائم پیشہ افراد نے ہتھیار نہ ڈالے تو نہ صرف ان کے خلاف نئی حکمت عملی کے تحت کارروائی دوبارہ شروع کردی جائے گی بلکہ اس سلسلہ میں رینجرز کی مدد بھی حاصل کی جائے گی۔ادھر وزیرداخلہ رحمن ملک ملک نے لیاری کا دورہ کیا اور لی مارکیٹ میں عوام کی شکایات بھی سنیں، اس موقع پر علاقہ مکینوں نے پولیس کے بجائے رینجرز تعینات کرنے کا مطالبہ کیا، دوسری جانب میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رحمن ملک کا کہنا تھا کہ لیاری میں آپریشن کے دوران گرفتار ہونے والے افراد کو عوام کے سامنے لایا جائے گا۔