عدلیہ کی تباہی سے پاکستان میں جمہوریت کا مستقبل تباہ ہو جائے گا،جو لوگ ظلم کا نظام بچانا چاہتے ہیں وہ عدلیہ کو آزاد نہیں ہونے دینگے۔عمران خان
اسلام آباد میں تحریک انصاف کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا کرپٹ مافیا چیف جسٹس کو کبھی آزاد نہیں رہنے دے گا۔ عوام کا پیسہ بچانا حکومت کا فرض ہے لیکن وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ایک مجرم کا پیسہ بچا رہے ہیں۔ عمران خان نے مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب وزیراعظم بننا چاہتے ہیں تو کراچی اور کوئٹہ جیسا جلسہ کر کے دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسلا میں پٹواریوں کا جلسہ کروانے سے حکمران اقتدار چھوڑ کر نہیں جائیں گے۔ میاں صاحب شیروں والا فیصلہ کریں اور اسمبلیوں سے باہر نکلیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جاری امریکی ڈرون حملوں کے ذمہ دار صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم گیلانی ہیں۔ تحریک انصاف کے سربراہ نے ستائیس مئی کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسہ عام کرنے کا بھی اعلان کیا۔