شارٹ فال پانچ ہزار میگا واٹ ہونے کے باعث آج چھٹی کے روز بھی شہری بجلی کو ترستے رہے، نظام زندگی بری طرح مفلوج ہوکر رہ گیا ۔
ملک بھر میں بجلی بحران بدستور برقرار ہے جبکہ گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھ گیا ہے اور چھٹی کے باوجود بجلی کی بندش وقفے وقفے سے جاری رہی۔بجلی ایک گھنٹے آتی اور کئی گھنٹے غائب رہتی۔ اس وقت شہروں میں بارہ سے چودہ گھنٹے اور دیہی علاقوں میں سولہ سے اٹھارہ گھنٹے بجلی بند رہنے کے باعث زندگی بری طرح مفلوج ہوکر رہ گئی ہے اور عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے۔ پیپکو حکام کے مطابق اس وقت ملک میں بجلی کی کل طلب سولہ ہزار پانچ سو بائیس جبکہ پیداوارگیارہ ہزار چھ سو بائیس میگاواٹ ہے۔ ہائیڈل ذرائع سے چار ہزار اکتیس، تھرمل سے ایک ہزار تین سو اٹھہتر اور آئی پی پیز سے پانچ ہزار پانچ سو تین میگاواٹ بجلی حاصل کی جارہی ہے جبکہ کے ای ایس سی کو سات سو دس میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے۔