حکومت 31مئی تک اپنی آئنی مدت پوری کرے گی، الیکشن کمیشن ساٹھ دن کے اندر الیکشن کا انعقاد یقینی بنائے:وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عوام نے مسلم لیگ (ن) کو منڈیٹ دیا ہے اور حکومت 31مئی تک اپنی آئنی مدت پوری کرے گی ، الیکشن کمیشن ساٹھ دن کے اندر الیکشن کا انعقاد یقینی بنائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال میں سیالکوٹ لاہور موٹر وے لنک روڈ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جمہوریت کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، ہم نے ملک میں ترقی کی بنیاد رکھ دی ہے ہر شعبے میں مسلم لیگ کی حکومت کے کام نظر آرہے ہیں۔ہم الزام تراشی اور عزت اچھالنے کی سیاست نہیں کرتے، ہماری سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے اور ہم عزت اور وقار کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آپ ہمیں سر پر پگڑی سجا دیتے ہیں لیکن اس کی عزت بھی ضروری ہے، بہت سے لوگوں کی خواہش ہے کہ ملک میں الیکشن نہ ہوں جو الیکشن سے گھبرا رہے ہیں اور بھاگنا چاہتے ہیں میرا مشورہ ہے کہ وہ اپنے کام پر دھیان دیں اور عوام کو فیصلہ کرنے دٰیں ملک میں انشاء اللہ 31جولائی سے پہلے الیکشن ہوں گے ورنہ ہم عدالت کا دروازہ بھی کھٹکھٹائیں گے اور عوام کی عدالت کا دروازہ بھی کھٹکھٹائیں گے۔انہوں نے کہا جو کچھ نہیں کرتے وہ تنقید کرتے ہیں اور ہمارا مقابلہ ان سے ہے جن کا اپنا کوئی کام نہیں ،ہمارے مخالفین ترقیاتی منصبوں پر تنقید کرنا جانتے ہیں۔ میں ہر ہفتے سینکڑوں ارب روپے کے منصوبوں کا افتتاح کرتا ہوں، آج بھی نواز شریف کا ایک اور وعدہ پورا کر کے خوشی ہو رہی ہے ،مشرف اور زرداری دور کا ایک منصوبہ بھی نہیں ملتا۔وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعد نواز شریف اگلہ الیکن نہیں لڑ سکتے لیکن ہر کوئی جانتا ہے ہ ووٹ نواز شریف کا ہے، عوام کا فیصلہ جولائی کے الیکشن میں آئے گا تو سب دیکھ لیں گے،ملک عدالتی فیصلوں سے ترقی نہیں کرتا ،آئینی جمہوریت ہو گی تو ملک ترقی کرے گا اگر ملک نے ترقی کرنی ہے تو سب کو ایک طرف مل کر چلنا پڑے گا،مخالفین ایسے کام نہ کریں جن سے ملک اندھیروں میں چلا جائے ۔ہم نے چیلنچز پر قابو پا کر ترقی کا سفر جاری رکھا ،چالیس سال سے نامکمل منصوبوں کو مکمل کیااگر یہ انتشار ملک میں نہ ہوتا تو ہم مزید ترقی کرتے ،یہ باشعور لوگوں کا ملک ہے،وہ جانتے ہیں کہ کونسی جماعت ہے جو ملک کی خدمت کرتی ہے اور ترقیاتی کا کس جماعت نے کروائے ہیں ۔وزیر اعظم نے کہا کہ جس ملک کو کوئی پینسٹھ روپے دینے کو تیار نہیں تھا وہاں پر پینسٹھ ارب ڈالر سے سی پیک کے منصوبے چل رہے ہیں۔ تقریب سے و فاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے بھی خطاب کیا۔وزیر اعظم نے نارووال لاہور سیالکوٹ موٹروے لنک روڈ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔