وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ ۔ ملزم نے وزیرداخلہ پر گولیاں برسا دیں احسن اقبال دائیں بازو پر دو گولیاں لگنے سے زخمی
وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال پر فائرنگ کا واقعہ نارووال کے علاقے کنجروڑ میں پیش آیا۔ احسن اقبال کارنر میٹنگ میں شرکت کے بعد اپنی گاڑی میں بیٹھ رہےتھے کہ مجمع میں شامل لڑکےنےان پر فائرنگ کر دی جس سے دو گولیاں ان کے دائیں بازو میں جا لگیں۔ وزیرداخلہ کو زخمی حالت میں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرزہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد مہیا کی گئی۔ ڈاکٹرز کے مطابق احسن اقبال کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ وزیرداخلہ کو مزید علاج معالجے کیلیے لاہورمنتقل کردیا گیا ہے۔دوسری جانب وزیرداخلہ پر فائرنگ کے واقعہ کے بعد پولیس نے موقع پر ہی ملزم عابد حسین کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا۔ پولیس کے مطابق اکیس سالہ ملزم عابد ویرم گاؤں کا رہائشی ہے جو کارنر میٹنگ میں موجود تھا اور خطاب کے وقت فرنٹ لائن میں بیٹھا تھا۔ ادھر ڈی پی او نارووال عمران کشور کے مطابق ملزم نے تیس بور کے پستول سے پندرہ گز کے فاصلے سے فائرنگ کی۔ ملزم سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں