قوم ابھی تک کیلبری فونٹ کا قصہ نہیں بھولی، عثمان ڈار
مریم نواز کے ٹویٹ پرپاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ نقل کے لیے عقل کے استعمال کا مشورہ مریم کو زیب نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ پاناما کیس میں مریم بی بی خود نقل کے ریکارڈ توڑ چکی ہیں، قوم ابھی تک کیلبری فونٹ کا قصہ نہیں بھولی، عقل سے کام لیا ہوتا تو نقلی ٹرسٹ ڈیڈعدالت میں جمع نہ کرواتیں۔ عثمان ڈار نے کہا کہ نواز شریف اپنے ساتھ مریم کے کئے کی بھی سزا بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے مریم نواز کو مشورہ دیا کہ وزیراعظم پرتنقید چھوڑیں والد کوجیل پہنچانے کے انتظامات کریں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ 7مئی کو پہلا روزہ ہے اوراسی دن نواز شریف جیل جا رہے ہیں، آپ نے ٹھیک کہا قدرت بھی کس کس طرح بدلے چکاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیل روانگی سے قبل مریم اپنے والد سے اشرف وتھرا کے بارے میں پوچھیں، اشرف وتھرا کونوازشریف دورمیں گورنراسٹیٹ بینک تعینات کیا گیا۔ عثمان ڈار نے کہا کہ اُس وقت اشرف وتھرا آئی ایم ایف بورڈ آف گورنرز کا حصہ تھے، کیا نوازشریف نے بھی خزانے کی چابی آئی ایم ایف کے حوالے کی تھی؟۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف جواب نہ دیں تو مریم اشتہاری اسحاق ڈارسے رابطہ کریں، بلا وجہ تنقید سے قبل اپنے دورحکومت کے کارناموں پربھی نظرڈالیں۔