وزیراعلیٰ عثمان بزدار کاپنجاب میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے لگائے گئے رمضان بازاروں کی سخت چیکنگ کا حکم
وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے پنجاب میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے لگائے گئے رمضان بازاروں کی سخت چیکنگ کا حکم دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہاہے کہ رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ کیلئے صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی اور سیکرٹریز کو ڈیوٹیاں تفویض کر دی گئی ہیں اور میں خود بھی رمضان بازاروں کے دورے کر کے انتظامات کا جائزہ لوں گا۔ عوام کو ریلیف دینے کیلئے اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی کیلئے اربوں روپے کی سبسڈی دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کے لئے موثر اقدامات کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ محکمے رمضان بازاروں کے ساتھ اوپن مارکیٹ میں بھی اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنائیں۔
عوام کو حقیقی ریلیف دینے کے لئے متحرک اور فعال طریقے سے کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔ مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے۔ محکمہ زراعت، صنعت اور خوراک رمضان المبارک میں حکومتی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک کے دوران انتظامات کی مانیٹرنگ کے لئے صوبائی، ڈویژن اور ضلع کی سطح پر کنٹرول روم قائم کر دیئے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے۔عوام کو اشیائے ضروریہ مقررکردہ نرخوں پر فراہم کرنے کیلئے تمام انتظامی اختیارات استعمال کئے جائیں گے۔ اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں ناجائز اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ عوام کو مہنگے داموں اشیائے ضروریہ فروخت کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔ پرائس کنٹرول میکانزم کے تحت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ رمضان پیکیج کے تحت صوبے میں 309 رمضان بازار لگائے گئے ہیں۔ رمضان بازاروں میں زرعی فیئر پرائس شاپس بھی قائم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ رمضان بازاروں میں آٹا، چینی، گھی، آئل، انڈے، دالیں اور سبزیاں مارکیٹ سے سستے داموں ملیں گی۔10 کلو آٹے کا تھیلا رمضان بازار میں 290 روپے میں ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ رمضان بازاروں میں چینی 55 روپے کلو کے حساب سے عوام کو ملے گی جبکہ گھی اور آئل کے نرخوں میں 15 سے 20 روپے فی کلو کمی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ انڈے 5 روپے فی درجن کم نرخوں پر دستیاب ہوں گے اورمرغی کا گوشت عام مارکیٹ سے 10 روپے کم قیمت پر دستیاب ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ سحر و افطار کیلئے صوبہ بھر میں 2 ہزار دسترخوان لگائے جا رہے ہیں۔ عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ہماری حکومت کا ایجنڈا ہے اور صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر اقدام کیا جائے گا۔
#/S