امریکہ میں کورونا سے ہونے والی یومیہ اموات میں پھر سے ریکارڈ اضافہ، ایک دن میں 2300 سے زائد ہلاکتیں

امریکہ میں کورونا سے ہونے والی یومیہ اموات میں پھر سے ریکارڈ اضافہ، ایک دن میں 2300 سے زائد ہلاکتیں۔ گزشتہ روز امریکہ میں کورونا کے باعث 1015 افراد ہلاک ہوئے تھے جو کہ پچھلے ایک مہینے کے اعداد و شمار کے مطابق کورونا سے ہونے والی یومیہ ہلاکتوں کی سب سے کم تعداد تھی۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ میں کورونا کے باعث یومیہ ہلاکتوں میں ایک مرتبہ پھر ریکارڈ اضافہ ہو گیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران امریکہ میں 2333 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں جو کہ پچھلے روز میں ریکارڈ کی جانے والی ہلاکتوں کی دگنی تعداد سے بھی زیادہ ہیں۔ گزشتہ روز امریکہ میں کورونا کے باعث 1015 افراد ہلاک ہوئے تھے جس کے بعد جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا تھا کہ یہ کورونا سے ہونے والی یومیہ ہلاکتوں کی سب سے کم تعداد تھی۔تاہم تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں ایک مرتبہ پھر کورونا کے باعث 2 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو گئی ہیں جو کہ تشویشناک بات ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 2333 ہے جس کے بعد ملک میں مہلک وائرس سے ہونے والی مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 71،022 ہو گئی ہے۔کورونا سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے عالمی میٹر کے مطابق امریکہ میں اس وقت 16 ہزار سے زائد کورونا کے مریض تشویشناک حالت میں مبتلا ہیں۔ عالمی میٹر کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 12 لاکھ 35 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ اب تک وائرس زدہ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ سے زائد ہو چکی ہے۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس سے دنیا بھر میں مجموعی طور پر ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ 58 ہزار سے زائد ہو چکی ہے جبکہ اب تک اس وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 37 لاکھ 26 ہزار سے زائد ریکارڈ کی گئی ہے۔ عالمی میٹر کے مطابق دنیا بھر میں کورونا سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 12 لاکھ 41 ہزار سے زائد ہے۔