ٹرمپ کا کورونا وائرس کے لیے بنائی گئی ٹاسک فورس ختم کرنے کا اعلان

امریکی صدر کا کورونا وائرس کے لیے بنائی گئی ٹاسک فورس ختم کرنے کا اعلان۔ ٹاسک فورس نے اپنے فرائض منصبی بخوبی انجام دیے مگر اب اس میں تبدیلی کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کے لیے بنائی گئی ٹاسک فورس کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ وائٹ ہاؤس میں پریس بریفنگ کے دوران امریکی صدر کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وباء کے لیے بنائی گئی ٹاسک فورس نے اپنا کام بطریق احسن سر انجام دیا تاہم اب اس میں کچھ تبدیلی کی جائے گی۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹاسک فورس کے سربراہ امریکی نائب صدر مائیک پینس نے بتایا کہ ٹاسک فورس اگلے چند ہفتوں میں ختم کر دی جائے گی۔ امریکی صدر نے کورونا کی ٹاسک فورس ختم کرنے کے اعلان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ٹاسک فورس کے خاتمے کا یہ ہرگز مطلب نہیں ہوگا کہ کورونا کے خلاف جنگ کا اختتام ہو گیا ہے۔انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کورونا کے خلاف محاذ اس وقت بند ہوگا جب اس کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق یہ خبریں بھی گردش میں ہیں کہ امریکی صدر کے داماد جیریڈ کشنر دوسری کورونا وائرس ٹاسک فورس کی سربراہی کے ممکنہ امیدوار ہیں جو کہ کاروبار کی بحالی پر توجہ دے گی۔ دوسری جانب امریکی ماہرین صحت نے حکام کو خبردار کیا ہے کہ لاک ڈاؤن ختم کرنے اور کاروبار کی اجازت دینے سے کورونا وائرس مزید پھیل سکتا ہے۔واضح رہے کہ امریکہ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے۔ اب تک کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے 71031 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ امریکہ کے بعد برطانیہ دوسرے نمبر پر ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 29501 ریکارڈ کی گئی ہے۔ اٹلی 29315 ہلاکتوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر، اسپین 25613 اموات کے بعد چوتھے نمبر پر ہے جبکہ فرانس 25537 ہلاکتوں کے بعد پانچویں نمبر پر ہے۔