حکومت کوروناوائرس سے بچائوکیلئے عوام کی آگاہی کیلئے مہم شروع کرے گی:ڈاکٹر ظفر

اسلام آباد(صباح نیوز)صحت کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹرظفرمرزانے کہاہے کہ حکومت کوروناوائرس سے بچائوکے لئے قواعدوضوابط پرعملدرآمداورحفاظتی انتظامات کے بارے میں عوام کی آگاہی کے لئے ایک مہم شروع کرے گی۔انہوں نے ایک نجی نیوزچینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ خوش قسمتی سے دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں کوروناکے کیسز اوراموات کی تعداد کم ہے۔ڈاکٹرظفرمرزانے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک میں لاک ڈائون کی نرمی کے دوران قواعدوضوابط اورسماجی فاصلے کی پابندی کرکے بالغ نظری اورذمہ داری کامظاہرہ کریں۔انہوں نے رمضان کے مقدس مہینے میں مساجدمیں محدودتعدادمیں لوگوں کی آمد سے متعلق عوام کوآگاہ کرنے کے لئے علمائے کرام کے کردارکوسراہا۔ادھرپاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزاسلام آباد میں اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صحت کے معاون خصوصی نے کہاکہ طبی عملہ ہماراہراول دستہ ہے اور ہم انہیں حفاظتی سازوسامان ترجیحی بنیادوں پرفراہم کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے پمزہسپتال میں پیشہ وارانہ طبی عملے کوحفاظتی سازوسامان کاایک ماہ کے لئے ذخیرہ فراہم کردیاہے۔انہوں نے کہاکہ کوروناوبا کی روک تھام کے لئے تمام وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں