کراچی میں شدید گرمی، کے الیکٹرک کا نظام جواب دے گیا، متعدد گرڈ اسٹیشن ٹرپ

شہرقائد میں شدید گرمی سے کے الیکٹرک کا نظام جواب دے گیا ، کئی علاقوں میں سحری کےوقت بجلی غائب ہوگئی، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق کےالیکٹر ک کے سحروافطارمیں لوڈشیڈنگ نہ کرنےکےدعوےدھرے کے دھرے رہ گئے ، سحری سے قبل کےالیکٹرک کے متعدد گرڈ اسٹیشن ٹرپ کرگئے، جس کے باعث بلدیہ اتحادٹاؤن، قائمخانی کالونی، گلشن غازی اور اطراف میں سحری کے وقت بجلی غائب ہوگئی جبکہ میٹرول سائٹ ، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ لوڈشیڈنگ سے بے حال شہریوں نے اندھیرے میں سحری کااہتمام کیا جبکہ ترجمان کےالیکٹرک کا دعویٰ ہے کہ ٹرپنگ کے باعث کچھ علاقوں میں بجلی کی ترسیل متاثرہوئی ، سائٹ، اورنگی، ہارون آباد، نارتھ کراچی سمیت تمام متاثرہ علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئی ہے اور فالٹ کی درستگی کیلئے عملہ مسلسل مصروف عمل ہے۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ 132کے وی کی لائن میں آنے والی ٹرپنگ کو بحال کردیا گیا ہے، کے الیکٹرک کے سی ای او اور متعلقہ سینئر مینجمنٹ نے بحالی کے نظام کی براہ راست نگرانی کی۔ ترجمان کے مطابق متاثرہ شہریوں اور میڈیا کے نمائندوں کی جانب سے تعاون پر شکر گزار ہیں، بجلی سے متعلق شکایت کے لئے 118 کال سینٹر, 8119 پر ایس ایم ایس کے ذریعے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ یاد رہے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا تھا کہ رمضان کے مہینے میں سحر اور افطار کے موقع پر ملک میں کہیں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔ خیال رہے شہر کے مختلف علاقوں میں سحر و افطار کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ جاری ہے ، جس سے لوگوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔