زیر اعظم آزادجموں وکشمیر نے مظفرآبا د کے لیے اعلان کردہ بڑے منصوبوں کی منظوری دے دی
وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے مظفرآبا د کے لیے اعلان کردہ بڑے منصوبہ جات کی منظوری دے دی۔ وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق شاہ سلطان برج، سی ایم ایچ چوک فلائی اوور انڈر پاس، سہیلی سرکار چوک ، علامہ قبال چوک ، دومیل چوک کے ساتھ ساتھ اندرون شہر رنگ روڈ کے ڈیزائن کی بھی منظوری دی گئی ہے۔منصوبوں پر ڈیڑھ ارب روپے لاگت آئے گی۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے جون کے مہینہ میں پراسس مکمل کر کے منصوبہ جات پر کام شروع کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی زیر صدارت اجلاس میں مظفرآباد کے میگا پراجیکٹس کے پی سی ون کی منظوری دے دی گئی۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے ہدایت کی کہ ان منصوبہ جات پر جون میں کام کا آغاز کیا جائے ۔یا درہے کہ وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے چند ماہ قبل ان منصوبہ جات کی تعمیر کا اعلان کیا تھا جس پر محکمہ تعمیر ات عامہ شاہرات نے پی سی ون مرتب کی اس حوالہ سے وزیر اعظم ہائوس میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقدہوا جس کی صدارت وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کی ۔اجلاس میں وزیر تعمیرات عامہ شاہرات چوہدری محمد عزیز ،پرنسپل سیکرٹری راجہ امجد پرویز ، سیکرٹری تعمیرات عامہ بشیر مغل ، چیف انجینئر سنٹرل ڈیزان آفس ،چیف انجینئرشاہرات نارتھ و دیگرنے شرکت کی۔ وزیر اعظم کو سنٹرل ڈیزائن آفس کی جانب سے بریفنگ دی گئی جس پر وزیر اعظم نے ان منصوبہ جات کی منظوری دی۔