یورپی یونین نے کورونا ویکسین کی تیاری کے لیے 7.4 بلین یورو جمع کر لیے

یورپی کمیشن کی پیش قدمی کے تحت حکومتوں، متعدد تنظیموں اور چند افراد کی طرف سے کورونا وائرس پر تحقیق اور اس کے خلاف ویکسین کی تیاری کے لیے اربوں ڈالر جمع کر لیے گئے ہیں۔ جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق فنڈ ریزنگ کی میزبانی یورپی کمیشن نے کی تھی جس میں جی ٹوئنٹی کی صدارت پر فائز متعدد ممالک بشمول جرمنی، ناروے، فرانس، برطانیہ، اٹلی، جاپان اور سعودی عرب شریک ہوئے۔ ان ممالک کے رہنماوں نے کہا کہ کسی بھی ممکنہ ویکسین کی دستیابی اور اس تک رسائی ہر ملک کے لیے یکساں اور کم قیمت ہونی چاہیے۔ رپورٹ کے مطابق عالمی رہنماوں نے کورونا وائرس کی ویکسین اور علاج کی تیاری کے لیے 7.4 بلین یورو کا ہدف مقرر کیا تھا جو3 گھنٹوں تک جاری رہنے والے ٹیلی میراتھون کے بعد پورا ہوا۔ یورپیئن کمیشن کی سربراہ ارزولا فان ڈیئر لائن نے حکومتی اور بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان کے ساتھ اس ٹیلی کانفرنس کی میزبانی کی اورکانفرنس میں ہونے والی پیش رفت پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجموعی طور پر 7.4 بلین یورو اکٹھا کیے گئے ہیں تاکہ تمام ممالک کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ واضح رہے کہ امریکا اور چین مالی اور سیاسی طور پر اس پیش قدمی کا حصہ نہیں ہیں۔