مودی سرکارکا ایک اور منصوبہ ناکام، را  کا بلوچستان میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ بے نقاب

May 06, 2025 | 08:58

مودی حکومت کی پاکستان کے خلاف ایک اور چال ناکام، بھارت کی بدنام زمانہ انٹیلی جنس ایجنسی  را  کی پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں دہشت گردی کی بڑی سازش بے نقاب ہو گئی ۔مصدقہ انٹیلیجنس ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت  نے پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کی ناکامی کے بعد بلوچستان میں وسیع  پیمانے پر دہشت گردی کروانے کابڑا منصوبہ تیار کیا ہے۔ بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی را نے بلوچستان کے حساس علاقوں میں اپنی پراکسی تنظیموں کو متحرک کر دیا ہے جن میں بی ایل اے، فتنہ الخوارج اور غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہونے والے افغان شامل ہیں۔ خفیہ رپورٹس کے مطابق ان دہشت گرد گروہوں کو گوادر، کوئٹہ اور خضدار جیسے علاقوں میں تخریب کاری کی باقاعدہ ہدایات بھی  دی جا چکی ہیں۔ را نے اپنے مذموم مقاصد کے لیے افغانستان سے بھی دہشت گردوں کو پاکستانی حدود میں داخل کروایا  تاکہ مختلف اہداف کو نشانہ بنایا جا سکے۔ انٹیلیجنس ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ کچھ خودکش بمباروں کو موٹر سائیکل یا گاڑیوں کے ذریعے کارروائیاں کرنے کے لیے پہلے ہی علاقوں کی ریکی کروا دی گئی ہے۔ ان بمباروں کا ہدف حساس تنصیبات، سیکیورٹی فورسز اور عوامی مقامات ہو سکتے ہیں۔ قومی سلامتی سے وابستہ اداروں نے بروقت اقدامات کرتے ہوئے ان اطلاعات کی بنیاد پر الرٹ جاری کر دیا ہے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح متحرک ہو چکے ہیں۔ ذرائع نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے بلوچستان میں دہشت گردی کی سرپرستی کے ٹھوس اور ناقابل تردید شواہد پہلے ہی پاکستان کے پاس موجود ہیں۔ را کا یہ منصوبہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے۔ خفیہ اداروں کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردی کی یہ نئی لہر دراصل بھارت کی جانب سے پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن میں ہونے والی بری ناکامی کا ردعمل ہے، جس کا مقصد عالمی برادری کی توجہ ہٹانا اور پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنا تھا، لیکن وہ منصوبہ بری طرح ناکام ہوا۔

مزیدخبریں