فرانس میں چاکلیٹ کا سالانہ میلہ ختم ہو گیا

ویسے تو پیرس مشہور ہے اپنی خوشبووں اور ایفل ٹاور کے باعث لیکن اب چاکلیٹ کا سالانہ میلہ بھی اس کی پہچان بنتا جا رہا ہے ۔ بائیس سال سے منعقد ہونے والے اس فیسٹیول میں پانچ براعظموں سے چاکلیٹ کمپنیاں شرکت کرتی ہیں اور اپنی مصنوعات کو منفرد طریقے سے متعارف کراتی ہیں ۔اس بار میلے میں دنیا بھر سے پانچ سو سے زائد کمپنیوں نے شرکت کی۔ جس میں دنیا کے بڑے ہوٹلوں کے ٹاپ شیفس ، باورچی ، ڈیزائنرز اور ماہرین بھی شریک ہوئے ۔ میلے کے شرکا کو چاکلیٹ سے کئی کھانے اور مٹھائیاں بنانے کے گر بھی سکھائے گئے جبکہ ورکشاپس اور کانفرنس کا انعقاد بھی کیا گیا۔ ماہر شیفس نے چاکلیٹ سے فن پارے تیار کرکے خوب داد وصول کی۔ پانچ روزہ فیسٹیول میں لاکھوں کی تعداد میں افراد نے شرکت کی. فیسٹیول میں چاکلیٹ سے تیار کردہ ایفل ٹاور ، کنگ کانگ ، دیو قامت ہاتھی ، جاپانی سمورائی اور مجسمے بچوں اور بڑوں کیلئے یکساں دلچسپی کا باعث بنے رہے۔ جبکہ موسیقی کا بھی انتظام کیا گیا تھا ۔ فیسٹول میں چاکلیٹ سے تیار کردہ ملبوسات پہن کر ماڈلز نے ریمپ پر کیٹ واک کی جسے شائقین نے بے حد سراہا. بائیس واں سالانہ میلہ پانچ روز رونقیں بکھیرنے کے بعد ختم ہو گیا ۔