پی سی بی نے فٹنس مسائل سے بچانے کے لئے روٹیشن پالیسی کا فیصلہ کرلیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ مسلسل کرکٹ کھیلنے کی وجہ سے کھلاڑیوں کے فٹنس مسائل میں اضافہ ہوا ہے، حسن علی، محمد عامر اور بابر اعظم سمیت کچھ کھلاڑی تینوں طرز کی کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہیں، پی سی بی نے ان کھلاڑیوں کیلئے روٹیشن پالیسی اپنانے کا پلان بنایا ہے ۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انضمام الحق کا کہنا تھا کہ میری رائے میں وہ کھلاڑی جو تینوں طرز کی کرکٹ کھیلتے ہیں انھیں وقفے وقفے سے آرام دینے کی پالیسی اپناکر کھلاڑیوں کے کیریئر کو طول دیا جا سکتا ہے، مثال کے طور پر کسی فارمیٹ میں محمد عامر اور کسی فارمیٹ میں حسن علی کو آرام دیا جاسکتا ہے، یہ پالیسی تینوں طرز کی کرکٹ کھیلنے والے دوسرے کرکٹرز پر بھی لاگو کی جائے گی۔ انضمام الحق کا کہنا تھا کہ بورڈ کی اس پالیسی کی وجہ سے نہ صرف کھلاڑیوں کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی بلکہ ان کے کیریئر کو بھی طول دینے میں مدد ملے گی۔ واضح رہے کہ گذشتہ کچھ عرصہ سے کھلاڑیوں کی انجریز کے مسائل میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے، حال ہی میں فاسٹ بولر عثمان خان شنواری فٹنس مسائل کی وجہ سے 5سے 6 ماہ کے لئے انٹرنیشنل کرکٹ سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ ٹیسٹ اوپنر اظہر علی بھی گھٹنے کے علاج کیلئے انگلینڈ میں موجود ہیں۔ تاہم مستقبل میں کھلاڑیوں کو انجریز سے بچانے کے لئے پی سی بی نے روٹیشن پالیسی اپنانے کا پلان بنایا ہے جس کے مطابق تینوں طرز کی کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو آرام دینے کی پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔