محمد حفیظ باﺅلنگ ایکشن ٹیسٹ نتیجہ کے منتظر
قومی کرکٹ ٹیم کے آل راونڈر اور سابق کپتان محمد حفیظ باﺅلنگ ایکشن کا ٹیسٹ دینے کے بعد رزلٹ کا بے تابی سے انتظار کررہے ہیں۔ محمد حفیط کے حق میں رزلٹ آنے سے وہ مستقبل میں قومی ٹیم کی طرف سے باﺅلنگ کرسکیں گے اور رزلٹ خلاف ہوا تو وہ باﺅلنگ نہیں کرسکیں گے اور پھران کی سلیکشن صرف بیٹنگ کی وجہ سے ہوگی ۔سری لنکا کے خلاف میچ کے دوران آئی سی سی نے محمد حفیظ کے باﺅلنگ ایکشن کو مشکوک قرار دیا تھا اور انہیں 14 روز کے اندر بائیو مکینک ٹیسٹ کی ہدایت کی گئی تھی جس پر یکم نومبر کو محمد حفیظ کی باﺅلنگ کا ٹیسٹ ہوا تھا اور اب محمد حفیظ بے چینی سے اپنے رزلٹ کا انتظار کررہے ہیں۔ حفیظ اس سے قبل بھی دیے جانے والے باﺅلنگ ایکشن ٹیسٹ میں کلیئر قرار دیے گئے تھے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ جب سے آئی سی سی نے کلیئر کیا اسی ایکشن سے باﺅلنگ کر رہا ہوں اور باﺅلنگ ایکشن میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ محمد حفیظ نے امید ظاہر کی کہ وہ باﺅلنگ ایکشن ٹیسٹ کلیئر کرلیں گے۔میچ آفیشلز نے سری لنکا کے خلاف ابو ظہبی کے شیخ زید کرکٹ گراونڈ میں کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے میچ میں محمد حفیظ کے باولنگ ایکشن کو رپورٹ کیا تھا۔خیال رہے کہ اس سے قبل جولائی 2015 میں بھی محمد حفیظ کا باولنگ ایکشن مشکوک قرار دیکر انہیں باولنگ کرانے سے روک دیا گیا تھا۔ محمد حفیظ نے باولنگ ایکشن میں تبدیلی کر کے نومبر 2015 میں آسٹریلیا میں اپنے نئے باولنگ ایکشن کا ٹیسٹ دیا تھا جسے آئی سی سی نے کلیئر قرار دیدیا تھا۔آئی سی سی کے قوانین کے مطابق باولنگ کراتے وقت باولر کے ہاتھ کا خم 15 ڈگری کے اندر ہونا چاہیئے۔آئی سی سی کی جانب سے پابندی کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے حفیظ کو 2016 میں قائد اعظم ٹرافی میں باولنگ کی اجازت دی تھی لیکن ٹرافی کے فائنل میچ میں بھی ان کا ایکشن رپورٹ ہو گیا تھا۔ قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں باولنگ ایکشن رپورٹ ہونے کے بعد پی ایس ایل انتظامیہ نے انہیں لیگ کے پہلے ایڈیشن میں باولنگ سے روک دیا تھا۔ علاوہ ازیں محمد حفیظ کے کنسلٹنٹ کارل کرو کو امیدہے کہ محمد حفیظ کا باﺅلنگ ایکشن کلیئر ہو جائے گا ۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی اسپنر محمد حفیظ کا ایکشن بہتر ہوگیاہے۔انگلش کاونٹی کے اسپن کنسلٹنٹ کارل کرو، محمد حفیظ کے ایکشن پر کام کرچکے ہیں۔ کنسلٹنٹ کے مطابق حفیظ کے باﺅلنگ ایکشن میں کوئی گڑبڑ نہیں۔ محمد حفیظ نے باﺅلنگ ایکشن کا ٹیسٹ چند روز قبل انگلینڈ میں دیا تھا، ان کا ایکشن دو بار قبل بھی رپورٹ ہوچکا ہے اور وہ دونوں بار کلیئر ہوچکے ہیں۔