بھٹو کو انصاف نہیں مل سکا تو عام شہری کو کیسے ملے گا:بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بھٹو کو انصاف نہیں مل سکا تو عام شہری کو کیسے ملے گا،شہید بے نظیر بھٹو آخری دم تک عدلیہ کی آزادی کے لیے جنگ لڑتی رہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے ملتان میں وکلاء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنا مقدمہ آپ کے سامنے رکھ رہا ہوں ، پیپلز پارٹی نے آمریت کا مقابلہ کیا،پاکستان کی عدلیہ کی کہانی،پی پی اور بھٹو خاندان کی کہانی جدا نہیں ،ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دی گئی ،آج تک انصاف نہیں مل سکا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو انصاف دیا جائے،آج تک انتظار میں ہیں کہ شہید بی بی کو انصاف کب ملے گا ۔بے نظیر بھٹو آخری دم تک عدلیہ کی آزادی کے لیے جنگ لڑتی رہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید بھٹو نے اس ملک کو آئین دیا،شہید بھٹو کو اس ملک کی عدالتوں نے ہی تختہ دارپر لٹکا دیا،پیپلز پارٹی نے بھی ظلم کو برداشت کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیس سندھ میں ہو تو ٹرائل راولپنڈی میں کیسے ہو رہا ہے ،قیادٹ کے خلاف سیاسی انتقام کے کیسز بھی راولپنڈی میں چلتے ہیں ،چیئرمین نیب نے کہا شفاف احتساب ہوا تو حکومت گر جائے گی ،ان پر دباؤ ڈالنے کے لیے ویڈیو لیک کی گئی ،انصاف کے نظام کو مذاق بنادیا گیا ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آج جو نئے پاکستان میں ہو رہا ہے وہ سب کے سامنے ہے ،جب تک جمہوریت نہیں ہو گی مسائل کا حل کیسے نکالیں گے ،بھٹو کو انصاف نہیں مل سکا تو عام شہری کو کیسے ملے گا؟