خواہش ہے کہ پاکستان ایسا ملک بنے کہ کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلانا پڑے، وزیراعظم

اٹک : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ صرف سیاحت ترقی کرلے تو کبھی آئی ایم ایف نہیں جانا پڑے گا ، خواہش ہے کہ پاکستان ایسا ملک بنے کہ کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلانا پڑے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے حسن ابدال ریلوے اسٹیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا شیخ رشید کو سالگرہ کی مبارکباد دیتاہوں،ہیپی برتھ ڈے، شیخ رشید آج بھی جوان لگ رہے ہیں، جیسے وہ 24 سال پہلے تھے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ریلوے عام آدمی کے سفر کا ذریعہ ہے، غریب اور مزدور لوگ ٹرینوں میں سفر کرتے ہیں، جو انگریز ریلوے ٹریک چھوڑ کر گیا ہم نے تو اس سے50کلومیٹر کم کردی، چین نے اپنے پورےملک میں ریلوے لائنوں کا جال بچھا دیا، چین میں جلدی پہنچنے کا ذریعہ ریلوے کے ذریعے ہے۔