سعودی ایئرلائنز کی غیرملکی مسافروں کے لیے اہم وضاحت

ریاض: سعودی ایئرلائنز(السعودیہ) نے 3 ممالک سے تعلق رکھنے والے غیرملکیوں کے لیے مملکت میں داخلے پر شرط کی وضاحت کردی۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی ایئرلائنز نے واضح کیا ہے کہ بھارت، برازیل اور ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والے افراد کو براہ راست مملکت میں داخلے پر پابندی ہے، لیکن ایک شرط کے تحت وہ سعودی عرب آسکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ارجنٹینی، برازیلین اور بھارتیوں کو صرف اس صورت میں سعودی عرب داخلے کی اجازت ہوگی کہ وہ اپنے ملک سے نکل کر کسی اور جگہ کم از کم 14 دن گزار چکے ہوں۔ السعودیہ کا کہنا ہے کہ اپنے مملکوں سے نکل کر دیگر ممالک میں 14 دن گزارنے پر انہیں مذکورہ ممالک سے ہی سعودی عرب آنے کی اجازت ہوگی، بصورت دیگر کوئی امکانات نہیں ہیں۔