منگل کو وزیرآباد سے دوبارہ لانگ مارچ شروع ہوگا:عمران خان
لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں پتہ ہے ارشد شریف کو کس نے قتل کیا۔ منگل سے لانگ مارچ کا دوبارہ آغاز ہو گا۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے جوڈیشل کی بات کی ہے میں اس کا خیر مقدم کرتا ہوں لیکن جوڈیشل کمیشن کیا کرے گا ؟ ایف آئی آر درج کرانا میرا حق ہے لیکن جن تینوں کا نام لے رہا ہوں ان کے استعفیٰ کے بغیر شفاف تحقیقات نہیں ہو سکتیں۔انہوں نے کہا کہ ملزم کا ویڈیو بیان کیسے لیک ہوا اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ میں سابق وزیر اعظم ہوں اور اپنی پارٹی کا سربراہ بھی ہوں۔ 3 دن ہوگئے ہیں پنجاب میں ہماری حکومت ہے لیکن ایف آئی آر درج نہیں کرا پائے۔ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ ہماری اپنی پولیس منع کر رہی ہے۔ میں اپنی ایف آئی آر درج نہیں کراسکتا تو عام آدمی کا کیا ہو گا۔عمران خان نے کہا کہ سائفر معاملے کی بھی تحقیقات کرائی جائیں۔ اگر سائفر ڈرامہ تھا تو کیوں اس کی تحقیقات نہیں کی جاتی۔ دنیا کی جمہوری حکومتوں میں کوئی یہ سوچ بھی نہیں سکتا۔ صاف و شفاف انویسٹی گیشن کیسے کریں گے؟ مجھے ملک میں صاف و شفاف انویسٹی گیشن چاہیے۔انہوں نے کہا کہ میرے خلاف مریم نواز، مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف نے پریس کانفرنسز کیں اور مجھ پر حملے کے بعد کون سے لوگ تھے جنہوں نے رد عمل دینا شروع کیا۔ ابھی ایف آئی آر بھی نہیں کٹی کہ سوشل میڈیا میں ٹوئٹس آنا شروع ہو گئیں۔