عمران خان نے اداکاری میں شاہ رخ وسلمان خان کو پیچھے چھوڑ دیا، مولانا فضل الرحمٰن

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ عمران خان نے ایکٹنگ میں شاہ رخ خان اور سلمان خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، اس طرح کی ڈرامے بازیاں سمجھ نہیں آتیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہڈی کا علاج کینسرکے ہسپتال میں؟ حملے کا پرچہ وزیراعظم اوروزیرداخلہ پر؟ ایسی گفتگوکوئی عام شہری نہیں کرتا جو ملک کا سابق وزیراعظم کہہ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی ڈرامے بازیاں سمجھ نہیں آتیں کہ گولی ایک لگی ہے دو لگیں یا پھر چار لگیں یا ٹکڑے لگے، عمران خان نے اداکاری میں شاہ رخ خان اور سلمان خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پاکستان کو مشکل کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، حادثات کا سہارا لے کرقوم کو اضطراب کا شکارکیا جارہا ہے، ایک واقعے کولے کرجھوٹ گھڑا جا رہا ہے، ہم لوگ خطے میں تمام ممالک میں معاشی طور پر پیچھے رہ گئے۔
مولانا فضل الرحمٰن ںے کہا کہ اندھے لوگوں نے آنکھیں بند کرکے عمران خان کے جھوٹ کو قبول کیا، آج اس نے ایک نیا ڈرامہ رچایا ہے، عمران خان کو گولی لگنے کی پہلی خبر آئی تو ہم نے بھی مذمت کی لیکن وقت کے ساتھ ساتھ چیزیں سامنے آتی گئیں، گولی ایک لگی ہے دو لگی چار لگی یا ٹکڑے لگے، ہم نے بم کے ٹکڑے سنے گولی کے ٹکڑے پہلی بار سنے ہیں۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ عمران خان ساری دنیا کو چور چور کہتا رہا بعد میں خود چورنکلا، پہلے ان کے جھوٹ اور آفیشل ڈاکومنٹس پرجے آئی ٹی بننی چاہیے۔