سینئر کشمیری حریت رہنما اور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں بھوک ہڑتال آج پانچویں دن بھی جاری ہے جس کی وجہ سے ان کی طبیعت مزید بگڑ رہی ہے۔لبریشن فرنٹ کی طرف سے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ محمد یاسین ملک پانچ دن سے مسلسل بھوک ہڑتال پر ہیں اور انہیں علاج معالجے کی سہولت سے بھی محروم رکھا جارہا ہے۔یاسین ملک نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیری نظربندوں کی طویل غیر قانونی قید کے خلاف احتجاج کے لیے بھوک ہڑتال شروع کی ہے۔یاسین ملک جیل میں اپنی طبیعت خراب ہونے کے باوجود اپنے مطالبات پر قائم ہیں جن میں تمام کشمیری سیاسی نظربندوں کی رہائی اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی حکومت کی جابرانہ پالیسیوں کا خاتمہ شامل ہے۔ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے ایک بیان میں بھارتی حکومت سے یاسین ملک سمیت غیر قانونی طورپر نظربند تمام کشمیریوں کی فوری رہائی کامطالبہ کیا ہے۔
سینئر کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی تہاڑ جیل میں بھوک ہڑتال کا پانچواں روز،طبیعت بگڑنے لگی۔
Nov 06, 2024 | 11:35