شہبازشریف نے اپنے کیخلاف مقدمات کو سیاسی اور انتقامی کارروائی قرار دیدیا

لاہور: سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے احتساب عدالت میں دیئے گئے بیان میں اپنے خلاف مقدمات کو سیاسی اور انتقامی کارروائی قرار دے دیا۔نیب حکام نے آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں گرفتار سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا۔عدالت میں سماعت کے دوران شہبازشریف نے اپنی صفائی دیتے ہوئے کہا کہ میں نے اورنج لائن منصوبے میں 75 ارب روپے کی بچت کی اور ذاتی مداخلت سے کئی منصوبوں میں بھی اربوں روپے بچائے۔سابق وزیراعلیٰ نے اپنے خلاف مقدمات کو سیاسی اور انتقامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی مقدمے میں انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، یہ سیاسی مقدمہ ہے اسے سیاسی ہی ٹریٹ کیا جانا چاہیے۔
شہبازشریف کا عدالت میں کہنا تھا کہ اپنی نیند اور صحت خراب کرچکا، دن رات محنت کرکے عوام کی خدمت کی، اس قسم کے الزامات ماضی میں بھی لگتے رہے ہیں اور اب دوبارہ یہ الزامات لگائے گئے ہیں، ایک دھیلے کی کرپشن ثابت ہوجائے تو سزا کے لیے تیار ہیں۔