پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھاتا رہے گا:ا سد مجید
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکا میں پاکستانی سفیر اسد مجید کاکہنا تھا کہ پاکستانی برادری کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھائے،پاکستانی حکومت اور سفارتخانہ ہر فورم پر کشمیریوں کے لیے آواز اٹھا رہا ہے، امریکا میں مؤثر ترین آواز پاکستانی اور کشمیری امریکنز ہی کی ہو سکتی ہے، پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھاتا رہے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اراکین کانگریس سے کہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لیں،پاک امریکا وسیع البنیاد تعلقات ہی باہمی مفادات حاصل کرنے میں معاون ہو سکتے ہیں۔تقریب میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید نے شرکا کو پاک امریکا تعلقات سے متعلق آگاہ کرنے کرنے کے ساتھ ساتھ خطے کی صورتحال سے متعلق بھی آگاہ کیا اورمقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی بحران پر بھی روشنی ڈالی۔ واضح رہے کہ 5اگست کو مودی سرکار نے کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اے کو ختم کر کے مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ کر دیا تھا اور بھارت نے کشمیریوں کی نقل وحرکت پر پابندی عائد کر رکھی ہےجبکہ جنت نظیر وادی میں دو ماہ سے زائد عرصہ سے کرفیو نافذ ہے۔