کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش
رات گئے کراچی سمیت سندھ بھر میں بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔تاہم بارش کے بعد کئی شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا جبکہ کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی تاحال غائب ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔کورنگی، لانڈھی، ملیر، اور ڈیفنس میں بادل برسے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ اس کے علاوہ حیدرآباد ، سکھر، لاڑکانہ اور گھوٹکی میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔ بارش سے سیپکو کے درجنوں فیڈر ٹرپ کر گئے اورمختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔محکمہ موسمیات کےمطابق بارش کا سسٹم ایران سے بلوچستان میں داخل ہوا جبکہ یہ سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے میدانی علاقوں میں آج بھی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغرب سے آنے والا سسٹم بلوچستان کے راستے سندھ میں داخل ہو رہا ہے جو رات کو گزر جائے گا دوسری جانب پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش سے خنکی بڑھ گئی، احمد پور شرقیہ، چنی گوٹھ، رحیم یار خان اور صادق آباد میں بھی بارش سے موسم سرد ہو گیا۔