مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 63ویں روز بھی فوجی محاصرہ جاری, مواصلاتی نظام کی معطلی کی وجہ سے طلباءکو شدید مشکلات کا سامنا
مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 63ویں روز بھی فوجی محاصرہ جاری ہے جبکہ وادی کشمیر اورجموں خطے کے مسلم اکثریتی علاقوں میں تمام دکانیں ، کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بندجبکہ ٹریفک کی آمدورفت معطل ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کی مطابق بھارتی حکومت کی طرف سے 5اگست کو جموں وکشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کئے جانے کے بعد مقبوضہ علاقے میں معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے ہیں۔ گزشتہ 9ہفتے سے علاقے میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز مسلسل معطل جبکہ باہمولہ اور بانہال کے درمیان ٹرین سروس بندہے۔ مواصلاتی نظام کی مسلسل بندش کی وجہ سے گزشتہ دوماہ سے گرفتار کینسر کے مریض 33سالہ پرویز احمد پالا کے اہلخانہ کو ان کے بارے کوئی معلومات نہیں کہ آیا وہ زندہ بھی ہے یا نہیں۔دریں اثناءقابض انتظامیہ نے گزشتہ 9ہفتوں کے دوران سکول کھولنے کی بڑی کوششیں کیں لیکن طلباءسکول نہیں آئے۔ قابض حکام نے اعتراف کیا کہ طلباءسکول آنے کے لیے تیارنہیں۔ مواصلاتی نظام کی معطلی کی وجہ سے پیشہ وراانہ کورسز سمیت اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طلباءکو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔