سعودی حکومت کا ملازمتوں کے حوالے سے بڑا اقدام
ریاض : سعودی عرب میں مقامی نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے حکومت نے اہم اقدامات کیے ہیں، پرائیویٹ اداروں میں آئی ٹی کے شعبے میں ملازمتیں سعودی نوجوانوں کو دی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود احمد الراجحی نے نجی اداروں میں کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی آسامیاں سعودیوں کے لیے مختص کردیں۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی وزیر افرادی قوت نے کہا ہے کہ اس فیصلے سے سعودی نوجوانوں کو روزگار کے مزید مواقع حاصل ہوں گے، یہ فیصلہ ایسے تمام نجی اداروں پر نافذ ہوگا جس کے ملازمین کی تعداد پانچ یا اس سے زیادہ ہوگی۔ کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینیئرنگ، نئی ایپلی کیشن پروگرامنگ، کمیونیکیشن کی تکنیکی آسامیوں، تکنیکی مدد اور اینالیسس پر یہ فیصلہ لاگو ہوگا۔