راولپنڈی:ٹیکسی ڈرائیور کا بندوق کے زور پر بیٹے کے سامنے خاتون کا ریپ
پولیس نے کہا ہے کہ ایک شخصنے ایک خاتون کو ان کے بیٹے کے سامنے بندوق کے زور پر جنسی استحصال کا نشانہ بنایا۔ تفصیلات کے مطابق نصیرآباد پولیس کو درج کروائی گئی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں متاثرہ خاتون نے کہا کہ وہ اپنے بیٹے کو روحانی علاج کے لیے اٹک لے جارہی تھیں کیونکہ اس کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اٹک جانے اور واپس نصیرآباد میں گھر آنے کے لیے ایک ٹیکسی کی تھی۔ خاتون کا کہنا تھا کہ راولپنڈی واپس جاتے ہوئے ٹیکسی ڈرائیور نے ایک ویران مقام پر گاڑی کو روکا اور بندوق کی نوک پر انہیں پکڑ کر جنسی استحصال کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ملزم نے اس واقعے کے بارے میں کسی کو بتانے پر انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی، ساتھ ہی انہوں نے الزام لگایا کہ ملزم نے ان کے بیٹے کو بھی مارا اور ان کا موبائل فون بھی چھین لیا۔ واقعہ سے متعلق یہ بھی بتایا گیا کہ ملزم نے خاتون اور ان کے بیٹے کو چوکی حمیدہ کے علاقے میں سڑک کنارے چھوڑ دیا اور وہاں سے فرار ہوگیا، تاہم خاتون نے گاڑی کا رجسٹریشن نمبر نوٹ کرکے پولیس کو آگاہ کردیا۔ علاوہ ازیں نصیر آباد پولیس نے ابتدائی طبی معائنے کی رپورٹ کے بعد ایف آئی آر درج کرلی تاہم ملزم کی گرفتاری تاحال نہیں ہوسکی۔