عثمان بزدار کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 36 واں اجلاس، پروفیشنلز کیلئے لوکل گورنمنٹ کی لائسنسنگ فیس ختم,،شوگر فیکٹریز کنٹرول ایکٹ 1950 میں ترمیم کا فیصلہ
وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا 36 واں اجلاس منعقدہوا، جس میں پروفیشنلز کے لئے لوکل گورنمنٹس کی لائسنسنگ فیس ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا-کا بینہ اجلاس میں ایز آف ڈوئنگ بزنس کے تحت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے لائسنسنگ رجیم میں تبدیلیوں اور اس ضمن میں پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019میں ضروری ترامیم کی منظوری دی گئی-پنجاب کابینہ نے3لاکھ ٹن چینی ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے ذریعے امپورٹ کرنے کی منظوری دی ہے اور محکمہ خوراک حکومت پنجاب کو درآمدی چینی خریدنے کیلئے ٹی سی پی کے ساتھ معاہدہ کرنے کی اجازت دینے کی منظوری دی گئی- اجلاس میں شوگر فیکٹریز کنٹرول ایکٹ 1950 میں ترمیم کا فیصلہ کیاگیا اورکابینہ نے شوگر فیکٹریز کنٹرول ایکٹ 1950 میں ترمیم کی منظوری دی -اس ترمیم سے پنجاب حکومت کو کرشنگ سیزن شروع کرنے کے لئے زون وائز تاریخ کاتعین کرنے کا اختیار حاصل ہوگا-اجلاس میں گنے کی قیمت مقرر کرنے کے لئے وزارتی کمیٹی تشکیل دی گئی، کمیٹی 3روز میں اپنی حتمی سفارشات پیش کرے گی - اجلاس میں پنجاب پرائیویٹائزیشن بورڈایکٹ 2010 کی شق 4 ختم کرنے کا فیصلہ کیاگیا اور کابینہ نے منظوری دے دی،جس کے تحت سرکاری اراضی کی نیلامی کے عمل کوڈویژن میں کمشنر سپروائز کریں گے- اجلاس میں عارضی کاشتکاری کی لیز سکیم میں پروپرائٹری رائٹس تفویض کرنے کے لئے پالیسی میں ترمیم کی منظوری دی گئی- عارضی کاشتکاری کی لیز سکیم کے تحت کسان 31دسمبر تک درخواستیں جمع کرا سکیں گے-کابینہ اجلاس میں سموگ کو آفت قرار دینے اورسموگ کو پنجاب کلامیٹز(Calamities) ایکٹ 1958میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی - وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ صوبائی پرائس کنٹرول کمیٹی اورانتظامی افسران اشیاء ضروریہ مقرر کردہ نرخوں سے زائد فروخت کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کریں - صوبے کے عوام کو نوٹیفائیڈ ریٹ پر اشیاء ضروریہ کی دستیابی یقینی بنائی جائے-انہوں نے کہاکہ مہنگے داموں اشیاء فروخت کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی- زبانی جمع خرچ سے کام نہیں چلے گا، عملی اقدامات کر کے عوام کو ریلیف دیا جائے- کابینہ کے اجلاس میں 16مارچ 2016کوجنوبی پنجاب فاریسٹ کمپنی کو دی گئی اراضی کے حوالے سے جاری ہونے والے گزٹ نوٹیفکیشن کو ڈی نوٹیفائی کرنے اور جنوبی پنجاب فاریسٹ کمپنی کے اثاثوں کی منتقلی کی منظوری دی گئی- کابینہ اجلاس میں نیاپاکستان ہاؤسنگ پروگرام کیلئے سرکاری اراضی کی فراہمی کے لئے پالیسیوں میں نرمی کی اصولی منظوری دی گئی جبکہ پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی افورڈ ایبل ہاؤسنگ سکیم رولز 2020 کی بھی منظوری دی گئی-اجلاس میں مینجمنٹ اینڈ ٹرانسفر آف پراپرٹیز بذریعہ ڈویلپمنٹ اتھارٹیز ایکٹ 2014کے تحت ڈویلپمنٹ اتھارٹیزکیلئے جوائنٹ ونچررولز 2020 کی منظوری دی گئی-اجلاس میں پنجاب سیف سٹی ا تھارٹی لاہور کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف آپریٹنگ آفیسر کی تعیناتی کی منظوری دی گئی-اجلاس میں بغیر امتحانات طلبہ کی پرموشن کے لئے پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن آرڈیننس 1962 میں مجوزہ ترمیم کی منظوری دی گئی-اجلاس میں پنجاب انوائرنمنٹل ٹربیونل لاہور کے لئے ممبر کی تعیناتی کی منظوری دی گئی-کابینہ نے مری، کوٹلی ستیاں اور چکوال میں 6 سرکاری گیسٹ وریسٹ ہاؤسز کو ٹرانسفر کرنے اور ایکٹ آف ڈیپارٹمنٹ آف ٹورسٹ سروسز پنجاب میں ترامیم کی منظوری دی-اجلاس میں اٹک کے علاقے ڈھوک گمن بسال روڈ میں خود کش حملہ کے متاثرین کے خاندانوں کومالی امداد دینے کی منظوری دی گئی-اجلاس میں نیشنل فنانس کمیشن ایوارڈ پر عملدرآمد کی ششماہی مانیٹرنگ رپورٹ برائے جنوری تاجون 2018، جولائی 2018 تادسمبر 2018 اور جنوری تا جون 2019ء پیش کی گئی جسے کابینہ نے منظور کیا- آڈیٹر جنرل آف پاکستا ن کی جانب سے گورنمنٹ آف پنجاب کے اکاؤنٹس برائے سال 2017-18، 2018-19 اور 2019-20 کی آڈٹ رپورٹس کی بھی منظوری دی گئی-پنجاب کابینہ کے اجلاس میں پنجاب کریکلم اینڈٹیکسٹ بک بورڈ لاہور کی سالانہ پرفارمنس رپورٹ برائے مالی سال2018-19 اورپنجاب دانش سکولز اینڈ سنٹرز آف ایکسیلینس اتھارٹی کی سالانہ پرفارمنس رپورٹ برائے 2019-20 کی منظوری دی گئی-کابینہ کے اجلاس میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کا رول ایگزیکٹو ایجنسی کے طورپر بھی متعار ف کرانے کی منظوری دی گئی-اجلاس میں ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سلطان فاؤنڈیشن کو دی گئی سرکاری اراضی کی لیز میں توسیع،پنجاب منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر شہزاد رفیع کی ملازمت میں توسیع اورچیئرمین راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی راشد عزیز کی تقرری کے لئے ٹرمز اینڈ کنڈیشنزکی منظوری دی گئی-کابینہ کے اجلاس میں پنجاب حکومت کے دوسال مکمل ہونے پر صوبائی کابینہ کے منعقد ہونے والے خصوصی اجلاس اورصوبائی کابینہ کے 35ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی- پنجاب کابینہ کے اجلاس میں سٹینڈنگ کابینہ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 40ویں اجلاس اور سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور کے 30ویں،31ویں اور 32ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی-صوبائی وزراء، معاونین خصوصی، مشیران، چیف سیکرٹری اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی-