پینڈورا پیپرز کی انکوائری کا آغاز مجھ سے کریں: فیصل واوڈا
پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اور سابق وفاقی وزیر فیصل واڈا نے پینڈورا پیپرز کی انکوائری 5 دن میں مکمل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا آغاز ان سے کیا جائے۔سینیٹر فیصل واڈا نے پینڈورا پیپرز میں نام آنے کے بعد پہلی مرتبہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا موقف دیا اور وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اس کی تحقیقات کے سیل بنانے کی حمایت کی۔انہوں نے کہا کہ 'پینڈورا پیپرز کی انکوائری کے فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہوں، یہ فیصلہ صرف عمران خان صاحب ہی کر سکتے ہیں'۔حکومتی جماعت کے سینیٹر نے کہا کہ 'میں وزیراعظم سے درخواست کرتا ہوں کہ انکوائری ٹیم اس پر 12 سے 14 گھنٹے روزانہ کام کر کے 5 دن کے اندر نتیجہ دے'۔ان کا کہنا تھا کہ 'طریقہ کار ایسا ہو کہ قوم بھی دیکھ سکے، آغاز مجھ سے کریں اور ٹیسٹ کیس بنائیں'۔انہوں نے کہا کہ 'میں غلط ثابت ہوا تو سزا دیں اور اگر صحیح ثابت ہوا تو یہ بھی فیصلہ ہو کہ غلط بیانی، بدنامی اور سنسنی پھیلانے والے خود ساختہ نام نہاد تحقیقاتی صحافیوں کو کیا سزا ملے گی؟'