عالمی رینکنگ میں قائداعظم یونیورسٹی دنیا کی پہلی 500یونیورسٹیوں میں شامل
یہ انتہائی قابل ستائش اور باعث اعزاز ہے کہ ٹائمز ہائیرایجوکیشن ورلڈ یونیورسٹی کی مرتب کردہ گلوبل رینکنگ 2017-18ء کے مطابق قائداعظم یونیورسٹی نے دنیا کی پہلی 500یونیورسٹیوں میں جگہ بنالی ہے ۔قبل ازیں قائداعظم یونیورسٹی پاکستان کی واحد یونیورسٹی تھی جس نے یو ایس نیوز اور ورلڈ رپورٹ 2014-15ء کے مطابق بین الاقوامی درجہ بندی میں دنیا کی بہترین500 یونیورسٹیوں میں جگہ حاصل کرتے ہوئے امتیازی حیثیت حاصل کی تھی۔اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر محمداشتیاق علی نے اساتذہ عملے اور طلباء کو یہ سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ مالی معاونت کی عدم فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی منظوری میں تاخیر اور کیمپس پر قبضہ مافیا کی موجودگی کے باوجود قائداعظم یونیورسٹی نے اپنے تعلیمی و تحقیقی معیار کی بدولت علاقائی و بین الاقوامی یونیورسٹیوں کی نسبت اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے لئے یہ ایک بہترین موقع ہے کہ وہ پاکستان کے اعلیٰ ترین تعلیمی ادارے کے لئے خصوصی پیکج منظور کرے۔ جس نے اپنی کارکردگی کی بناء پر بین الاقوامی سطح پر پہچان حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی حالیہ درجہ بندی اساتذہ اور طلباء کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔