ویسٹ انڈیز سے سیریز: بورڈ اور براڈ کاسٹر میں 3 ملین ڈالرکا تنازع حل
پی سی بی اور براڈکاسٹ ادارے میں تین ملین ڈالرکا تنازع عدالت سے باہر ہی طے ہوگیا، ویسٹ انڈیز سے سیریز کے تین ٹی ٹوئنٹی میچزکا یہ مسئلہ 2018سے جاری تھا جسے اب احسان مانی نے حل کرایا.اپریل2018میں کیریبیئن کرکٹ ٹیم نے3ٹوئنٹی 20میچزکیلیے پاکستان کا دورہ کیا تھا، چونکہ یہ سیریز فیوچر ٹور پروگرام کا حصہ نہیں تھی،اس لیے پی سی بی نے براڈکاسٹر سے علیحدہ تین ملین ڈالر فیس طلب کی،اس کا جواب تھاکہ اسے بھی معاہدے میں ہی شامل ہونا چاہیے لہذا اضافی ادائیگی کا جواز نہیں بنتا،کافی وقت گذرنے کے باوجود یہ رقم بورڈ کو نہیں مل سکی تھی۔سابق چیئرمین نجم سیٹھی مستعفی ہونے سے قبل اس کی انوائس جاری کرا گئے اس لیے معاملہ ایسے ہی ختم نہیں کیا جا سکتا تھا۔ فروری میںگورننگ بورڈ کے سامنے بھی یہ مسئلہ پیش کیا گیا تھا۔اس موقع پرکیس لیگل ڈپارٹمنٹ کو بھیجنے کا فیصلہ ہوا جو دستیاب آپشنز دیکھ کر کوئی قدم اٹھاتا، البتہ اب چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی کوششوں سے معاملہ عدالت کے باہر ہی طے ہو گیا۔ذرائع نے بتایا کہ براڈ کاسٹر نے کرکٹ بورڈ کو8لاکھ 10ہزار ڈالر کی ادائیگی کر دی جبکہ باقی رقم کا مفت ایئرٹائم ملے گا جسے ڈومیسٹک میچز میں استعمال کیا جائے گا، پی سی بی نے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ نئے فارمیٹ میں ہونے والے مقابلے براہ راست نشر ہوں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ برس اپریل میں منعقدہ سیریز میں کئی ویسٹ انڈین اسٹار کھلاڑی سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے شریک نہیں ہوئے تھے، پی سی بی نے منہ مانگا معاوضہ دے کر مہمان ٹیم کو دورے پر بلایا تھا۔