طالبان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ افغانستان کی سر زمین کسی قسم کی دہشتگردی کیلئے استعمال نہیں ہوگی:وزیر داخلہ شیخ رشید
وزیر داخلہ شیخ رشید کی میڈیا سے گفتگو ہم افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں طالبان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ افغانستان کی سر زمین کسی قسم کی دہشتگردی کیلئے استعمال نہیں ہوگی سی پیک پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ انڈیا افغانستان سے مکمل طور پر بے دخل ہو چکا ہے، جہاں پر اس نے 66 دہشت گردی کے کیمپ پاکستان کےلئے بنا رکھے تھے، اب وہ اور اس کے قونصلیٹ بند ہو چکے ہیں، انڈین میڈیا پاکستان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈے میں مصروف ہے، وزیراعظم عمران خان ملک کو عالمی سطح پر لے کر جانے کے خواہشمند ہیں جس کا وہ باقاعدہ اعلان کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پنجشیر کی فتح کے بعد انڈیا افغانستان سے مکمل طور پر بے دخل ہو چکا ہے، انڈیا میڈ یا پر دن رات جنرل فیض حمید چھائے ہوئے ہیں، حالانکہ افغانستان میں دوسرے ممالک کی ایجنسیوں کے بھی رابطے ہیں، گوادر اورکوئٹہ میں خود کش حملہ آوروں کی شناخت ہو چکی ہے وہ دونوں افغانی تھے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابھی افغانستان میں طالبان کی باقاعدہ حکومت نہیں آئی، ان کے ذمہ داروں نے پاکستان کو یقین دلایا ہے کہ افغانستان کی زمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہو گی،ہم امید کرتے ہیں کہ مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے درمیان مزید تعاون اور دوستانہ تعلقات مستحکم ہوں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ افغانستان میں اس وقت داعش، ٹی ٹی پی سمیت کئی عالمی دہشت گردوں کے ٹھکانے ہیں جنہیں ختم کرنے میں کچھ وقت لگے گا۔