جیالے متحد ہیں تاہم بجٹ میں عوام کو خوشخبری نہ ملی تو میں بھی عوامی احتجاج میں شامل ہوجاوں گا۔ بابراعوان

بھارت روانگی سے قبل واہگہ بارڈر پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بابراعوان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی میں کسی بھی سطح پر اختلافات نہیں اور جیالے مکمل طور پر متحد ہیں۔اپنے دورہ بھارت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس دوران وہ بحالی امن اور عوامی رابطوں کے فروغ کے لئے کوشش کریں گے۔بابر اعوان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک باہمی تنازعات بات چیت کے ذریعے حل کرکے تعلقات کو معمول پر لاسکتے ہیں۔ صدر آصف علی زرداری کے دورہ بھارت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ علاقائی دورے نجی ہوں یا سرکاری ان میں سیاسی امور زیر بحث آتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ آئین کی بالا دستی کے لئے کوشاں رہے اور آئندہ بھی ملکی استحکام کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ بابر اعوان نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں عوام کو خوشخبری ملے گی اور اگر ایسا نہ ہوا تو وہ بھی عوامی احتجاج میں شامل ہوجائیں گے۔ بابراعوان کے ہمراہ ممبر پاکستان بار کونسل رمضان چوہدری بھی بھارت گئے ہیں۔ اپنے دس روزہ نجی دورے میں وہ مخلتف بارز کے نمائندوں سے ملاقاتیں کریں گے۔