انگلینڈ نےدوسرے ٹیسٹ میں سری لنکاکو آٹھ وکٹوں سے شکست دیکر سیریز ایک، ایک سے برابر کردی ۔
کولمبو میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتےہوئے پہلی اننگ میں دوسوپچھتر رنز بنائے۔ میزبان ٹیم کے جے وردھنے ایک سو پانچ رنز بنا کر نمایاں رہے۔ برطانوی کھلاڑی سوان نے چار اور اینڈرسن نے تین کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ برطانوی ٹیم نے جواباً اپنی پہلی اننگ میں چارسو ساٹھ رنزبنائے جس میں کیون پیٹرسن کے ایک سو اکیاون اور الیسٹر کک کے چورانوے رنز شامل تھے۔اس طرح برطانوی ٹیم نے میچ میں ایک سو پچاسی رنز کی برتری حاصل کرلی۔ لنکن ٹیم اپنی دوسری اننگ میں بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی اور دوسواٹھہتر کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوگئی۔ اس طرح مہمان ٹیم کو میچ کے آخری روز جیت کے لئے صرف ترانوے رنز کا ٹارگٹ ملا جو اس نے دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کرکے میچ جیت لیا۔ اس فتح کے بعد دونوں ٹیموں میں ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر ہوگئی ہے۔