چیف جسٹس آف پاکستان نے ریلوے میں ساٹھ ارب روپے کی کرپشن پر ازخود نوٹس لے لیا۔ آئندہ سماعت پر وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق طلب
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان نے ریلوے میں ساٹھ ارب روپے کی کرپشن پر ازخود نوٹس لے لیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ یہ بادشاہت تھوڑی ہے کہ جس کا جو جی چاہے کرتا پھرے۔ کیوں نہ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو طلب کیا جائے۔ آئندہ سماعت پر پیش ہو کر ساٹھ ارب روپے کے نقصان کی وجوہات بتائیں۔ ریلوے کی اصل صورتحال مختلف ہے۔ بھارت کا وزیر ریلوے لالو پرشاد ان پڑھ آدمی تھا لیکن ادارے کو منافع بخش بنایا۔ آج لالو پرشاد کی تھیوری کو ہاورڈ یونیورسٹی میں پڑھایا جاتا رہا ہے۔ ہمارے ہاں صرف جلسوں میں ریلوے کے منافع بخش ہونے کے دعوے کیے جاتے ہیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق،سیکرٹری ریلوے، ریلوے بورڈ کے ممبران کو آڈٹ رپورٹس سمیت طلب کر لیا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر ریلوے میں کرپشن اور خسارے کے حوالے سے ریکارڈ پیش کیا جائے۔