ورلڈ کپ کیلئے فٹنس کا بنچ مارک مقرر کردیا ہے: قومی بیٹنگ کوچ
لاہور : قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے فٹنس کا بینچ مارک مقرر کردیا ہے اور سب کھلاڑیوں کو بتا دیا ہے کہ یویو ٹیسٹ میں 17.4 پوائنٹس لینا ہوں گے۔ کھیلوں کی ویب سائٹ 'کرک انفو' کو دیے گئے انٹرویو میں گرانٹ فلاور نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں کئی کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا جس سے نتائج بدترین نظر آئے تاہم آسٹریلیا کو ہرانا ہمیشہ سے ہی مشکل رہا ہے۔ قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ نے کہا کہ محمد رضوان ٹاپ فور میں کھیلنے کے لئے بہت اچھا بیٹسمین ہے اور اس نے ثابت کیا کہ وہ کلاس پلیئر ہے جب کہ محمد رضوان کی وکٹوں کے درمیان دوڑ سب سے بہترین ہے۔ گرانٹ فلاور کا کہنا تھا کہ شارجہ میں عابد علی فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرنے والے کھلاڑیوں میں شامل تھے، اُن کے ساتھ زیادہ کام نہیں کیا تھا اور ان سے سنچری کی توقع نہیں تھی۔ بیٹنگ کوچ نے کہا کہ کھلاڑیوں کے ساتھ کام کر کے انجوائے کرتا ہوں اور امید ہے کہ کھلاڑی بھی ایسا ہی کرتے ہوں گے۔