وزیر اعظم نوجواناں پروگرام کے تحت کاروبار کیلئے قرضوں کی سہولت شروع کرنے کی منصوبہ بندی
وزیراعظم کے اُمور نوجوانان پروگرام نے چھوٹے اوردرمیانے درجے کے کاروبار کےلئے قرضے دینے کی سہولت شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے جس کے تحت نوجوان سرمایہ کاروں کو کاروبار کے لئے رعایتی کاروباری قرضے دئیے جائیں گے۔ پروگرام کے ایک عہدیدار نے کہا کہ قرضوں کی پیشکش تین کیٹیگریز میں کی جائے گی۔ پہلی کیٹیگری میں نوجوانوں کو پانچ لاکھ روپے تک کے قرضے دئیے جائیں گے اور اس کےلئے ذاتی ضمانت کےسوا کوئی اور ضمانت درکار نہیں ہوگی۔ دوسری اور تیسری کیٹیگری میں با لترتیب پانچ سے دس لاکھ روپے اور دس لاکھ سے ڈھائی کروڑ روپے تک کے قرضے دئیے جائیں گے۔ آخری دو کیٹیگریز میں وزیراعظم کا امورنوجوانان کا پروگرام قرضے پر واجب الادا منافع کا نصف ادا کرکے قرض دہندگان کو اعانت فراہم کرےگا۔