آٹا چینی بحران: حکومت کی کشتی ہچکولے کھانے لگی
ایف آئی اے کی شوگر اور آٹے کے بحران پر رپورٹ نے ایک طوفان برپا کر دیا جس میں بظاہر حکومت وقت کی کشتی ہچکولے کھانے لگی ہے چونکہ ابھی تک تو اس رپورٹ کے مندرجات اور فائنڈنگز سامنے آئی ہیں اور دوسرے مرحلے میں 25 اپریل تک اس کی فرانزک فائنڈنگز کے بعد ذمہ داروں کیخلاف قانونی کارروائی کا عندیہ تو وزیراعظم اپنے ٹویٹ میں بھی کر چکے ہیں تو اس لحاظ سے اب یہ طوفان تھمنے والا نظر نہیں آ رہا۔ کیا اس سارے بحران میں عمران کا نظریہ مفادات کا ٹکراؤ ڈوبتا ہوا دکھائی دے رہا ہے ؟ اس رپورٹ کے حوالے سے ایک کریڈٹ وزیراعظم کو دینا پڑے گا کہ یہ ان کا اقتدار میں آنے کے بعد تحقیقات کا پہلا حکم ہے جو اپنے انجام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ مگر اس پیشرفت تک پہنچتے پہنچتے وزیراعظم کو 20 ماہ کا عرصہ لگا ہے۔