بورس جانسن کو طبیعت بگڑنے پر آئی سی یو منتقل کر دیا گیا

کورونا وائرس کا شکار برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو طبیعت مزید بگڑنے پر انتہائی نگہداشت یونٹ ( آئی سی یو ) میں منتقل کر دیا گیا۔ 10 ڈاؤننگ سٹریٹ سے جا ری بیان کے مطابق پیر کی دوپہر کو وزیر اعظم بورس جانسن کی طبیعت زیادہ خراب ہوگئی تھی جس کے بعد ان کی میڈیکل ٹیم سے مشاورت کی گئی اور انہیں ہسپتال کے آئی سی یو منتقل کردیا گیا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے برطانوی وزیر خارجہ ڈومنک راب سے کہا ہے کہ وہ جہاں ضرورت ہو حکومتی معاملات کو دیکھیں۔ وزیر اعظم کی شاندار طریقے سے دیکھ بھال کی جارہی ہے، نیشنل ہیلتھ سروسز کے سٹاف کا شکریہ جو انتہائی جانفشانی سے کام کر رہا ہے۔ برطانوی اخبار کے مطابق وزیر اعظم بورس جانسن کو احتیاطی تدبیر کے طور پر آئی سی یو منتقل کیا گیا ہے تاکہ اگر انہیں وینٹی لیٹر کی ضرورت پیش آئے تو فوری طور پر فراہم کیا جاسکے۔انہیں برطانوی وقت کے مطابق شام 7 بجے آئی سی یو منتقل کیا گیا ۔ وزیر خارجہ ڈومنک راب نے کہا ہے کہ اب بھی حکومت کے انچارج بورس جانسن ہی ہیں۔ واضح رہے کہ 55سالہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن 27 مارچ کو کرونا وائرس کا شکار ہوئے تھے اور علامات سامنے آنے کے قرنطینہ میں چلے گئے تھے۔ بورس جانسن نے قوم کے نام پیغام میں کہا تھا کہ کرونا کی ایک علامت بخار اب بھی مجھ میں موجود ہے، ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق بخار ختم ہونے تک آئسولیشن میں رہوں گا، خدارا گھر سے باہر مت نکلیں، شہری احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔