ملک کےبیشتر حصوں میں آج بارش کا امکان
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم محکمہ موسمیات نے آج پنجاب ، خیبر پختونخوا، سمیت ملک کے بیشتر حصوںمیں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ لاہور میں صبح سویرے تیز ہوا اور ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا، جبکہ پشاور، بھکر ، لیہ ، خانیوال سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ محکمہ موسمیات نے آج سے آئندہ دو روز تک موسم ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے اور بعض علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے اضلاع گوجرنوالہ، خوشاب، حا فظ آباد، منڈی بہاولدین، شیخوپورہ، پاک پتن، اوکاڑہ، قصور، سیالکوٹ، نارووال، جہلم، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، ملتان اور بہاولنگر میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ دیر، سوات، کوہاٹ، پشاور، صوابی، کرم، مردان، مانسہرہ اور ابیٹ آ باد میں بھی بارش کا امکان ہے۔ آزادکشمیر میں مطلع ابرآلود رہے گا تاہم چند مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور گلگت بلتستان میں موسم خشک رہے گا۔صوبہ بلوچستان کے بیشتراضلاع میں موسم خشک رہے گا تاہم کوئٹہ، بارکھان اور ژوب میں ہلکی بارش متوقع ہے۔