امریکہ میں ایک اورقیامت خیزدن ،ایک ہی دن میں1255 ہلاکتیں

واشنگٹن :امریکہ میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ،24 گھنٹوں میں 1255 افراد جان کی بازی ہار گئے ۔ تفصیلات کے مطابق امریکا میں کورونا وائرس نے تباہی مچادی ہے، مہلک وائرس صرف ایک ہی دن میں مزید 1255 جانیں نگل گیا ،جس کے بعد امریکہ میں مجموعی طور پر وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 10ہزار871 ہوگئی ہے ۔ جبکہ ساڑھے تین لاکھ سے زائد افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں ۔امریکہ میں مہلک وائرس سے اموات کی تعداد چین سے بھی زیادہ ہوگئی ہے ۔ امریکی صدرٹرمپ اس مشکل وقت میں بھی اپنے مخالفین پر تنقید کرنے سے باز نہ آئے ، ان کا کہنا تھا کہ کئی ریاستوں کے گورنرز وینٹی لیٹرز کے معاملے پر سیاست کر رہے ہیں، ٹرمپ نے ڈیموکریٹس گورنرز کو گینڈوں سے بھی تشبیہ دے دی ۔ ان کایہ بھی کہنا تھا کہ اب مشرق وسطی میں کھربوں ڈالر ضائع نہیں کروں گا۔ صدرٹرمپ نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے فوج بھی طلب کر رکھی ہے گزشتہ ہفتے صدر ٹرمپ نے کوروناسے حالات خراب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تھا ۔امریکی صدر صدارتی انتخابات مقررہ وقت پر کروانے کابھی اعلان کرچکے ہیں ۔ واضح رہے کہ دنیا بھرمیں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ تھم نہیں سکاہے، دنیا کے 200سے زائد ممالک میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 74 ہزارسے تجاوزکر چکی ہے ۔ دنیا کے مختلف ممالک میں متاثرہ افراد کی تعداد میں بھی کمی نہیں ہوسکی ۔ مجموعی طور پردنیا بھرمیں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 13لاکھ 46 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے ۔