جہانگیر ترین سے رابطہ کرنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی فہرست حکومت پنجاب نے تیار کرلی, فہرست وزیراعظم کو دی جائے گی
تحریک انصاف کے رہنما اور چینی سکینڈل میں مبینہ ملوث جہانگیر ترین سے رابطہ کرنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی فہرست حکومت پنجاب نے تیار کرلی۔ نجی ٹی وی کے مطابق چینی سکینڈل میں نامزد ملزم اور تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین سے قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین نے مسلسل رابطے شروع کردیئے ہیں، جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین کیس کے حوالے سے بنکنگ کورٹ پہنچے تو ان کے ہمراہ وکلا سمیت صوبائی وزرا بھی پیش ہوئے، اس موقع پر پاکستان تحریکِ انصاف سے تعلق رکھنے والے ایم این اے غلام احمد لالی، غلام بی بی بھروانہ، راجہ ریاض، صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال، ایم پی اے زوار وڑائچ، نذیر بلوچ، اسلم بھروانہ، طاہر رندھاوا، چوہدری افتخار گوندل، غلام رسول سنگھا، سلمان نعیم، ٹکٹ ہولڈر سجاد وڑائچ، مشیر وزِیرِاعلی پنجاب عبدالحئی دستی، امیر محمد خان اور خرم لغاری نے جہانگیر ترین کو اپنی حمایت کا یقین دلایا اور ان سے اظہارِ یک جہتی کیا۔ان میں سے کچھ رہنما و اراکینِ اسمبلی جہانگیر ترین سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کے ہمراہ عدالت بھی گئے۔پنجاب حکومت نے جہانگیر ترین کی حمایت اور رابطے کرنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی فہرست تیار کرلی، یہ فہرست وزیراعظم کو دی جائے گی ، وزیراعظم عمران خان جہانگیر ترین سے رابطے میں رہنے والے اراکین کے حوالے سے حتمی فیصلہ کریں گے۔ بیکنگ کورٹ میں پیشی کے موقع پر صحافی نے جہانگیر ترین سے سوال کیا کہ آپ کے ساتھ وزراء اور ایم پی اے بھی آئے ہیں جس پر جہانگیر ترین نے کہا کہ ان دوستوں نے مجھے فون کر کے کہا کہ آپ اکیلے کیوں جائیں گے ہم نے آپ کے ساتھ جانا ہے۔