اٹلی: ٹریلر کی ٹکر سے آئل ٹینکر پھٹ گیا ،3افراد ہلاک ، 70زخمی
اٹلی میں ایئرپورٹ کے نزدیک ہائی وے پر ایک آئل ٹینکر اور کاریں لانے والے ٹریلر میں تصادم کے باعث ٹینکر دھماکے سے پھٹ گیا نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 70 زخمی ہوگئے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اٹلی کے شہر بولوگنا کی موٹر وے پر ایئرپورٹ کے نزدیک زوردار دھماکے کی آواز سنائی دی جس کے بعد آگ کے شعلے بھڑک اٹھے۔ آگ کے بلند شعلے دور سے ہی دکھائی دیے۔ جس کے بعد شہر بھر میں لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔پولیس اور امدادی ادارے جائے حادثہ کو ڈھونڈتے ہوئے پہنچے تو پتا چلا کہ آئل ٹینکر اور کاریں لے جانے والے ٹریلر میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں2 افراد موقعہ پر ہلاک اور اردگرد موجود بڑی تعداد میں لوگ جھلس گئے جنہیں ہسپتا ل منتقل کردیا گیا جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے ۔ دھماکے کے سبب شاہراہ پر گڑھا پڑگیا جسے ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔ اطلاعات ہیں کہ حادثے میں غلطی ٹریلر کی تھی تاہم حتمی تعین تحقیقات کے بعد ہوگا۔اٹلی کی پولیس کے مطابق کہ حادثے میں 70 لوگ زخمی ہوئے ۔ آئل ٹینکر میں ایل پی جی(لکویفائیڈ پیٹرولیم گیس) موجود تھی۔ سی این این کے مطابق حادثے میں 3 افراد ہلاک اور 67 زخمی ہوئے جنہیں ہسپتا ل منتقل کیا گیا جو کہ جھلسے ہوئے تھے۔سوشل میڈیا پر دھماکے اور بلند شعلوں کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوگئیں جس میں دھماکے کی شدت دیکھی جاسکتی ہے۔